لاہور (لارڈ میڈیا): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب حقیقی طور پر ترقی اور ٹیکنالوجی کے دور میں داخل ہو چکا ہے۔ انہوں نے لودھراں کے ارکان صوبائی اسمبلی سے ملاقات کے دوران سیاسی امور اور ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات میں شامل ارکان صوبائی اسمبلی محمد زبیر خان اور شازیہ حیات نے اپنے حلقے میں عوامی مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے انہیں عوامی مسائل کے حل کے لئے مسلسل کوشش کرنے کی ہدایت دی۔
ارکان اسمبلی نے ملتان وہاڑی روڈ کی تکمیل پر وزیراعلیٰ کو خراج تحسین پیش کیا اور لودھراں میں الیکٹروبس سروس کے آغاز پر عوام کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بتایا کہ الیکٹروبس سروس مقبولیت کے ریکارڈ قائم کر رہی ہے اور وزیراعلیٰ کے ہیلتھ انیشیٹو عوام میں مقبول ہو چکے ہیں۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب کے ہسپتالوں اور تعلیمی اداروں سے دوسرے صوبوں کے عوام بھی مستفید ہو رہے ہیں۔ جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور اور اضلاع میں کیتھ لیبز مکمل فعال ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب ای بز اور مریم کی دستک پورٹل کی بدولت سروسز ٹیکنالوجی میں لیڈ کرے گا، اور پنجاب حقیقی طور پر ترقی اور ٹیکنالوجی کے دور میں داخل ہو چکا ہے۔


