بھارت (لارڈ میڈیا): بھارت کے مشرقی ساحل کے قریب پاناما کے پرچم بردار مال بردار بحری جہاز کے ڈوبنے سے 24 افراد لاپتا ہیں۔ بھارتی کوسٹ گارڈ کا عملہ ان کی تلاش اور ریسکیو آپریشن میں مصروف ہے۔ کوسٹ گارڈ کے مطابق جہاز پر 20 چینی، 3 میانمار اور ایک بنگلا دیشی شہری سمیت 24 افراد سوار تھے۔
کمانڈنٹ امیت یونیال نے بتایا کہ سری وجے پورم سے دو بحری جہاز فوری طور پر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کے لیے روانہ کیے گئے۔ ریسکیو ٹیموں نے لائف رافٹس سے 2 افراد کو بحفاظت نکال لیا ہے، جبکہ دیگر کی تلاش جاری ہے۔
اطلاعات کے مطابق اوشن ونر نامی یہ بحری جہاز پارادیپ سے سنگاپور کے لیے روانہ ہوا تھا اور لوہے کی کچ دھات لے کر جا رہا تھا۔ جہاز بندرگاہ سے تقریباً 240 ناٹیکل میل دور ڈوب گیا۔
پارادیپ پورٹ اتھارٹی کے کیپٹن الیکھا چرن ساہو نے عملے کی سلامتی کے لیے دعا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مزید افراد کو بھی بحفاظت تلاش کر لیا جائے گا۔
کوسٹ گارڈ نے کہا ہے کہ سمندری حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے لاپتا افراد کی تلاش کا دائرہ وسیع کیا جا سکتا ہے۔


