نیویارک (لارڈ میڈیا) امریکی عدالت نے ٹرمپ انتظامیہ کی پاکستان سمیت 75 ممالک کے شہریوں کے امیگرنٹ ویزوں کی معطلی کی پالیسی کو کالعدم قرار دے دیا ہے۔ امریکی ڈسٹرکٹ جج جینیٹ ورگاس نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ یہ پالیسی امریکی وزیر خارجہ کے اختیارات سے تجاوز کرتی ہے اور وفاقی امیگریشن قوانین سے متصادم ہے۔
رپورٹ کے مطابق، جج ورگاس نے کہا کہ درخواست گزار کی قومیت کی بنیاد پر ویزے کے اجرا پر مکمل پابندی قانون کی خلاف ورزی ہے۔ یہ فیصلہ امیگرنٹ حقوق کی تنظیموں کی جانب سے دائر مقدمے میں سامنے آیا، جس میں متعدد امریکی شہریوں نے اپنے اہل خانہ کو اسپانسر کرنے کے لیے حصہ لیا تھا۔
محکمہ خارجہ نے جنوری میں جاری کی گئی اس پالیسی کو جنوبی ایشیا، لاطینی امریکا اور متعدد دیگر ممالک کے شہریوں کے لیے معطل کیا تھا، جس کی وجہ ان کے حکومت پر مالی بوجھ بننے کا خطرہ بتایا گیا تھا۔
واضح رہے کہ جینیٹ ورگاس سابق صدر جو بائیڈن کی مقرر کردہ جج ہیں اور اس فیصلے کو امیگرنٹ حقوق کی تنظیموں کی بڑی فتح قرار دیا جا رہا ہے۔


