بیجنگ (لارڈ میڈیا): چین کی یونی ٹری روبوٹیکس نے دنیا کا تیز ترین انسان نما روبوٹ تیار کیا ہے۔ کمپنی نے بتایا کہ اس روبوٹ کو سپرمین کا نام دیا گیا ہے اور اس کی ویڈیو ایکس (ٹوئٹر) پر شیئر کی گئی ہے۔
یہ روبوٹ آرٹی فیشل انٹیلی جنس ٹیکنالوجی سے لیس ہے اور 12.66 میٹر فی سیکنڈ کی رفتار سے دوڑ سکتا ہے۔ اس کی رفتار دنیا کے تیز ترین انسان یوسین بولٹ کی رفتار سے بھی زیادہ ہے، جو 9.58 سیکنڈ میں 100 میٹر دوڑ چکے ہیں۔
یونی ٹری کے مطابق یہ روبوٹ 5 فٹ 7 انچ قد کا حامل ہے اور یہ انسانوں کی حد کو توڑنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اگرچہ ابھی تک ان ریکارڈز کی باضابطہ تصدیق نہیں ہوئی ہے، لیکن کمپنی نے دعویٰ کیا ہے کہ آنے والے مہینوں میں روبوٹ کی کارکردگی میں مزید بہتری کا امکان ہے۔
یہ روبوٹ 19 اگست کو عوامی طور پر پیش کیا جائے گا اور اسی دن کمپنی اپنے حصص کو فروخت کے لیے پیش کرے گی۔ سپرمین روبوٹ 19 سے 23 اگست کے درمیان ورلڈ روبوٹ کانفرنس میں بھی دکھایا جائے گا۔ یونی ٹری کے روبوٹس نے گزشتہ سال کے مقابلوں میں 4 گولڈ میڈلز جیتے تھے۔


