کراچی (لارڈ میڈیا): مچھر کالونی میں پولیس مقابلے کے دوران تین ڈاکو ہلاک ہوگئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا ہے۔ پولیس کے مطابق مقابلہ اخلاق چوک کے قریب ہوا، جہاں ڈاکس پولیس نے 3 ڈاکوؤں کو ہلاک کیا۔
ریسکیو حکام نے بتایا کہ دو ڈاکو موقع پر ہی ہلاک ہوگئے، جبکہ تیسرے ڈاکو نے اسپتال منتقلی کے دوران دم توڑ دیا۔ پولیس نے لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے سول اسپتال منتقل کردیا ہے۔
پولیس نے جائے وقوع سے کرائم سین یونٹ کی مدد سے شواہد حاصل کیے اور رات گئے لاشوں کو سول اسپتال پہنچایا گیا۔
ڈاکس پولیس کا کہنا ہے کہ تلاش ایپ ڈیوائس کی مدد سے ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ ان کے قبضے سے اسلحہ، گولیاں اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے، جس کی مزید تفتیش جاری ہے۔
ایس ایچ او ڈاکس نے ہلاک ڈاکوؤں کی شناخت رحمٰن، عمر دراز اور ساجد کے نام سے کی ہے۔ پولیس اہلکار کلیم اللہ فائرنگ کے دوران معمولی زخمی ہوا ہے۔


