لاہور (لارڈ میڈیا): لاہور کے علاقے نواب ٹاؤن میں ایک کار سوار کی غفلت کے باعث تین سالہ بچی مشعل گاڑی تلے کچلی گئی اور جاں بحق ہوگئی۔ یہ دلخراش واقعہ سٹی اسکول کے قریب پیش آیا، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظرعام پر آگئی ہے۔
حادثے کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ڈرائیور فیضان شوکت کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے بتایا ہے کہ ملزم کو سیف سٹی اور نجی کیمروں کی مدد سے شناخت کر کے گرفتار کیا گیا۔
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ بچی کو حادثے کے بعد اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا، لیکن وہ راستے میں ہی دم توڑ گئی۔ متاثرہ خاندان کو انصاف کی مکمل فراہمی یقینی بنانے کے لئے ملزم کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
گرفتار ملزم فیضان شوکت کو مزید تفتیش کے لئے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کردیا گیا ہے۔ پولیس اس بات کو یقینی بنا رہی ہے کہ متاثرہ خاندان کو انصاف ملے۔


