لاہور (لارڈ میڈیا): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاسپورٹ آفس گارڈن ٹاؤن کا اچانک دورہ کیا جہاں شہریوں کی لمبی قطاروں اور گھنٹوں انتظار پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ دورے کے دوران کئی کاؤنٹرز خالی اور عملہ غائب پایا گیا جس پر شہریوں نے شکایات کے انبار لگا دیے۔
شہریوں نے شکایت کی کہ ایجنٹ جلد کام کرانے کے لیے رقم طلب کر رہے ہیں۔ ایک شہری نے بتایا کہ اس نے ایجنٹ کو 5500 روپے دیے جبکہ ایک بزرگ نے کہا کہ پاسپورٹ پرنٹ نہیں ہوا۔
محسن نقوی نے انچارج پاسپورٹ آفس ڈپٹی ڈائریکٹر شہزاد اسلم کو بدنظمی پر عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا اور ایجنٹ مافیا کی موجودگی پر ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن ایف آئی اے لاہور کو بھی معطل کرنے کی ہدایت دی۔
وزیر داخلہ نے موقع پر ہی شہریوں کی شکایات کے ازالے کے احکامات جاری کیے اور معذرت بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ پاسپورٹ آفس کی صورتحال افسوسناک ہے اور شہریوں کو تیز رفتار خدمات کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔


