وین چھانگ (شِنہوا) چھانگ ای-7 قمری تحقیقاتی مشن کو موزوں وقت پر روانہ کیا جائے گا۔
چین کے انسان بردار خلائی ادارے (سی ایم ایس اے) نے بتایا کہ چھانگ ای-7 قمری مشن اور لانگ مارچ-5 وائی 14 کیریئر راکٹ کو بدھ کے روز عمودی حالت میں چین کے جنوبی صوبے ہائی نان میں واقع وین چھانگ خلائی جہاز لانچ سائٹ کے لانچ ایریا میں منتقل کر دیا گیا۔
قمری مشن اور راکٹ بالترتیب اپریل اور جولائی میں لانچ سائٹ پر پہنچے تھے جہاں ان کی اسمبلنگ اور جانچ مکمل کر لی گئی ہے۔ سی ایم ایس اے کے مطابق لانچ سائٹ کی تمام سہولیات اور آلات اچھی حالت میں ہیں جبکہ لانچ سے قبل طے شدہ شیڈول کے مطابق عملی جانچ، مشترکہ ٹیسٹ اور ایندھن بھرنے کا عمل مکمل کیا جائے گا۔
چھانگ ای-7 مشن کا مقصد متعدد اہم ٹیکنالوجیز میں پیش رفت حاصل کرنا ہے جن میں چاند کی سطح پر انتہائی درستگی کے ساتھ سافٹ لینڈنگ، ٹانگوں کے ذریعے حرکت، چھلانگ لگانے اور مستقل طور پر سایہ دار گڑھوں کی تلاش شامل ہیں۔
سی ایم ایس اے کے مطابق یہ مشن ایک جامع تحقیقی طریقہ اختیار کرے گا جس کے تحت چاند کے جنوبی قطب کے ماحول اور وسائل کا جائزہ لینے کے لئے مدار میں گردش، لینڈنگ، سطح پر نقل و حرکت اور چھلانگ لگانے کے مراحل شامل ہوں گے۔ اس مشن میں بین الاقوامی تعاون بھی شامل ہوگا۔


