راولپنڈی (لارڈ میڈیا): راولپنڈی میں طوفانی بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا ہے اور ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جبکہ نالہ لئی کی سطح بلند ہونے پر شہریوں کو نالوں سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
وزیر ہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین نے ایم ڈی واسا راولپنڈی کو تمام عملے کی چھٹیاں منسوخ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ متصل اضلاع سے واسا کو مشینری اور اضافی عملہ فراہم کیا جا رہا ہے تاکہ صورتحال پر قابو پایا جا سکے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق راولپنڈی کے علاقے شمس آباد میں 116 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی ہے اور مزید بارشوں کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے۔ پیرودھائی کا علاقہ بھی زیر آب آ چکا ہے، جبکہ نکاسی آب کا عمل جاری ہے۔
دریائے سندھ میں کالاباغ، تونسہ اور چشمہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق مون سون بارشوں کا چھٹا سپیل 21 اگست تک جاری رہے گا۔


