لاہور (لارڈ میڈیا) ڈپٹی کمشنر لاہور نے اعلان کیا ہے کہ بسنت 2027 کو 12، 13 اور 14 مارچ کو منایا جائے گا۔ یہ اعلان 25 سال بعد بسنت کی بحالی کے بعد کیا گیا ہے۔ رواں سال فروری میں پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے دہلی گیٹ سے پتنگ بازی کا افتتاح کیا تھا۔
ڈی سی لاہور کا کہنا ہے کہ بسنت کو محفوظ اور یادگار بنانے کے لیے انتظامیہ خصوصی انتظامات کرے گی۔ پتنگوں پر کسی ملک، شخصیت یا سیاسی جماعت کے جھنڈے یا تصویر لگانے پر پابندی ہوگی۔ پنجاب کائٹ فلائنگ ایکٹ 2025 کے تحت دھاتی تار، نائلون یا شیشے سے لیپ شدہ ڈور پر مکمل پابندی ہے۔
پنجاب حکومت نے بسنت 2027 کے لیے نئے قواعد و ضوابط جاری کیے ہیں جن پر عملدرآمد کی آخری تاریخ 30 دسمبر 2026 مقرر کی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات پر جاری ان ضوابط کا مقصد شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔
نئے قواعد کے تحت پتنگ بازی صرف محفوظ چھتوں پر کی جا سکے گی، جبکہ چھت کی چار دیواری کی کم از کم اونچائی ساڑھے 3 فٹ ہونا ضروری ہے۔ حکومت نے چھتوں پر بھاگنے، کودنے اور گنجائش سے زیادہ افراد کے جمع ہونے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
لاہور ہائیکورٹ نے بسنت منانے کے حوالے سے دائر درخواست پر فیصلہ سنایا ہے۔ اونچی آواز میں موسیقی اور شور پیدا کرنے والے آلات کے استعمال پر پابندی ہوگی۔ فرسٹ ایڈ کٹ کی موجودگی لازمی ہوگی اور ہنگامی صورتحال میں ریسکیو 1122 سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔


