اسلام آباد (لارڈ میڈیا): سینیٹر عون عباس نے سینیٹ اجلاس کے دوران انکشاف کیا کہ ڈاکٹروں کی رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان شدید ڈپریشن کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو 9 ماہ سے قید تنہائی میں رکھا گیا ہے اور وہ ہمارے والد کی طرح ہیں۔
سینیٹ کا اجلاس 45 منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا جس کی صدارت سینیٹر منظور قادر نے کی۔ اجلاس میں وقفہ سوالات کو موخر کردیا گیا کیونکہ سوالات و جوابات کی چھپائی نہیں ہو سکی تھی۔
اجلاس میں فاٹا پاٹا کے ٹیکس استثنیٰ کے موضوع پر بھی بحث کی گئی۔ وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے کہا کہ فاٹا پاٹا کے ٹیکس سے استثنیٰ کو بعض افراد نے غلط استعمال کیا ہے۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ٹیکس استثنیٰ کے معاملے پر بزنس کمیونٹی میں بے چینی ہے۔
بلوچستان کے مسائل پر مولانا عبدالواسع نے کہا کہ وہاں کے عوام کو انگریز دور کی مراعات بھی واپس لے لی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے مسائل کا حل بارڈرز کو محفوظ کرنے میں ہے۔
سینیٹر عطاالرحمان نے سابق فاٹا اور پاٹا کے اضلاع کے ٹیکس استثنیٰ واپس لینے پر توجہ دلاؤ نوٹس پیش کیا اور کہا کہ ان علاقوں کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے۔
طارق فضل چوہدری نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلوں پر عمل کیا جائے گا اور پی ٹی آئی کے سینیٹرز نے عدالت کی تعریف کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ احتجاج ان کا حق ہے لیکن تشدد کا راستہ کسی کو فائدہ نہیں دے گا۔


