ریاض (لارڈ میڈیا): سعودی عرب کی سرکاری تیل کمپنی آرامکو نے آبنائے ہرمز میں جاری کشیدگی کے باعث بعض ایشیائی ریفائنریوں کو ہرمز کے باہر سے خام تیل فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے۔ ذرائع کے مطابق آرامکو بعض خریداروں سے نجی مذاکرات کر رہی ہے اور عرب میڈیم اور عرب ہیوی خام تیل متحدہ عرب امارات کی بندرگاہ فجیرہ کے قریب سمندر میں جہاز سے جہاز منتقلی کے ذریعے فراہم کرنے کی بات چیت جاری ہے۔
یہ تیل ستمبر میں لوڈ کیا جانا ہے، جس کا مقصد آبنائے ہرمز سے گزرے بغیر ایشیائی خریداروں تک خام تیل پہنچانا ہے، جہاں سکیورٹی خدشات کے باعث متعدد شپنگ کمپنیاں اپنے جہاز بھیجنے سے گریز کر رہی ہیں۔ سعودی آرامکو نے اس معاملے پر تبصرہ کرنے سے انکار کیا ہے۔
کمپنی نے پہلے ہی عرب لائٹ خام تیل کی کچھ برآمدات بحیرہ احمر کی بندرگاہ ینبع منتقل کرچکی ہے، جبکہ مصر کی بحیرہ روم کی بندرگاہ سیدی کریر سے بھی تیل کی فراہمی کی پیشکش کی گئی ہے۔ آبنائے ہرمز اور بحیرہ احمر میں جاری رکاوٹوں نے بھارت سمیت اہم ایشیائی منڈیوں میں آرامکو کے تیل کی فروخت کو متاثر کیا ہے۔


