دبئی (لارڈ میڈیا) متحدہ عرب امارات میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور آبنائے ہرمز کی صورتحال کے باعث متعدد ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل پروازوں کا شیڈول متاثر ہوا ہے۔ اتحاد ایئرویز اور ایئرعریبیہ نے کئی پروازیں منسوخ کر دی ہیں جبکہ برٹش ایئرویز نے دبئی، تل ابیب، بحرین اور عمان کے لیے اپنی پروازیں معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اتحاد ایئرویز نے 21 اگست تک 6 پروازوں کو منسوخ کیا ہے اور ایئرعریبیہ کی بھی 5 پروازیں منسوخ ہونے کی اطلاعات ہیں۔ ان منسوخیوں کی وجہ خلیج کی موجودہ کشیدگی ہے، جس نے بحرین، کویت اور دیگر علاقائی مقامات کے لیے فضائی آپریشن کو متاثر کیا ہے۔
برٹش ایئرویز نے دبئی، تل ابیب، بحرین اور عمان کے لیے اپنی پروازیں 25 اکتوبر تک معطل رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ اسی طرح دوحہ اور ریاض کے لیے پروازوں کی تعداد بھی کم کی جائے گی۔
مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سفر سے پہلے اپنی پرواز کا اسٹیٹس چیک کریں، کیونکہ علاقائی صورتحال کے باعث شیڈول میں مزید تبدیلیاں ہو سکتی ہیں۔ اتحاد ایئرویز نے بھی مسافروں کو اپنی پرواز کا اسٹیٹس آن لائن چیک کرنے کی ہدایت کی ہے۔


