اسلام آباد (لارڈ میڈیا): پی ٹی آئی کے 27 ستمبر کے لانگ مارچ کے پیش نظر حکومت نے حکمت عملی مزید سخت کرنے کے ساتھ مذاکرات کا راستہ بھی کھلا رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں لانگ مارچ کو روکنے کے لیے انتظامی، قانونی اور سیکیورٹی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس میں سیکیورٹی اور انتظامی تیاریوں پر بریفنگ دی گئی اور جماعت اسلامی کی طرح پی ٹی آئی کے ساتھ بھی مذاکرات کا راستہ کھلا رکھنے پر غور کیا گیا۔ شرکاء نے سیاسی کوششوں کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا اور داخلی صورتحال سے متعلق جائزہ اجلاس تسلسل کے ساتھ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔
اجلاس میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس کی ممکنہ بندش کا معاملہ بھی زیر بحث آیا تاہم فی الحال انٹرنیٹ سروس بند نہ کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ شرکاء نے کہا کہ لانگ مارچ کے آغاز سے پہلے موبائل سروس بند کرنے سے عام شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے۔ وزارت داخلہ کی ہدایات ملنے تک پی ٹی اے کو انٹرنیٹ بندش پر کوئی اقدام نہ کرنے کی ہدایت دی گئی۔


