تہران (لارڈ میڈیا): اسپیکر ایرانی پارلیمنٹ باقر قالیباف نے کہا ہے کہ ایران کی دفاعی طاقت عوام کے ایمان، اتحاد اور عزم سے جڑی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 200 راتوں سے عوام کی سڑکوں پر موجودگی نے دشمن کی شکست کو ثابت کر دیا ہے، جو فوجی جارحیت سے ایرانی عوام کے حوصلے توڑنے کی کوشش میں تھے۔
باقر قالیباف نے کہا کہ ایرانی قوم ہی ایران کی طاقت کا بنیادی ذریعہ ہے اور عوام کے عزم و حوصلے نے ملک کے دفاع کو مزید مضبوط بنایا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فوجی دباؤ کے باوجود ایرانی عوام کا عزم کمزور نہیں ہوا، بلکہ انہوں نے اپنی خودمختاری کے لیے اتحاد کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ عوام کی حمایت صرف دفاعی محاذ تک محدود نہیں بلکہ ملک کی سفارتی کوششوں کو بھی مکمل حمایت حاصل ہے۔ خارجہ پالیسی کے حوالے سے عوام کا اعتماد حکومت کے لیے اہم طاقت ہے۔
باقر قالیباف نے مزید کہا کہ دشمن نے فوجی جارحیت کے ذریعے عوام کو خوفزدہ کرنے کی کوشش کی، لیکن عوام کی ثابت قدمی نے اس تاثر کو ختم کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی قوم کا ایمان، اتحاد اور عزم ملک کی سب سے بڑی طاقت ہے۔


