اسلام آباد (لارڈ میڈیا): پاکستان پوسٹ نے ڈاکیوں کی خدمات کو بہتر بنانے کے لیے 1,691 موبائل سیٹس خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ موبائل سیٹس یونیورسل پوسٹل یونین کے کوالٹی آف سروس فنڈ کے ذریعے خریدے جائیں گے۔
پاکستان پوسٹ کے مطابق، یہ خریداری ان کے جاری منصوبوں کا حصہ ہے جس میں جنرل پوسٹ آفسز اور ڈسٹرکٹ میل آفسز کے لیے 100 ٹرائی سائیکلز یا لوڈرز کی خریداری بھی شامل ہے۔
پاکستان پوسٹ ایگزم بینک آف کوریا کے تعاون سے 2,761 ڈاک خانوں کی آٹومیشن پر بھی کام کر رہا ہے۔ اس منصوبے کو سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی نے منظور کر لیا ہے اور اسے مالی سال 27-2026 کے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام میں شامل کیا گیا ہے۔
منصوبے کے لیے فنڈز اقتصادی رابطہ کمیٹی میں ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ کے ذریعے حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ آٹومیشن منصوبے کے پہلے دو مرحلے مکمل ہو چکے ہیں، جبکہ تیسرے مرحلے پر عمل درآمد فنڈز کی منظوری کے بعد کیا جائے گا۔ منصوبے کی تکمیل کی تاریخ دسمبر 2027 مقرر کی گئی ہے۔


