پشاور (لارڈ میڈیا) خیبرپختونخوا میں گندم بحران کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے، جہاں صوبے کے سرکاری گوداموں میں صرف دو ہفتوں کا گندم اسٹاک بچا ہے۔ محکمہ خوراک کی دستاویزات کے مطابق گوداموں میں موجود گندم کی مقدار ایک لاکھ 89 ہزار میٹرک ٹن ہے جبکہ صوبے کو روزانہ تقریباً 14 ہزار 900 میٹرک ٹن گندم کی ضرورت ہے، جس سے موجودہ اسٹاک صرف دو ہفتے کے لیے کافی ہے۔
محکمہ خوراک کی دستاویز کے مطابق خیبرپختونخوا کو سالانہ 54 لاکھ 36 ہزار میٹرک ٹن گندم کی ضرورت ہوتی ہے جبکہ صوبے کی اپنی پیداوار صرف 14 لاکھ 72 ہزار میٹرک ٹن ہے، اس طرح صوبے کو سالانہ 39 لاکھ 64 ہزار میٹرک ٹن گندم کی کمی کا سامنا ہے۔
صوبے کی مجموعی آبادی 4 کروڑ 38 لاکھ 43 ہزار ہونے کی وجہ سے محکمہ خوراک خیبرپختونخوا نے گندم بحران کے خدشے پر خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔ تاہم پاسکو سے 2 لاکھ 25 ہزار میٹرک ٹن گندم کی فراہمی ابھی پائپ لائن میں ہے۔


