ہومUncategorizedجسٹس عائشہ ملک نے انٹرنیشنل لیڈر لائف ٹائم ایوارڈ حاصل کرلیا

جسٹس عائشہ ملک نے انٹرنیشنل لیڈر لائف ٹائم ایوارڈ حاصل کرلیا

ویانا (لارڈ میڈیا): سپریم کورٹ آف پاکستان کی جسٹس عائشہ اے ملک کو قانون و انصاف، مساوات اور انسانی حقوق کے لیے خدمات کے اعتراف میں انٹرنیشنل لیڈر لائف ٹائم ایوارڈ سے نواز دیا گیا۔ ترجمان سپریم کورٹ کے مطابق جسٹس عائشہ اے ملک نے ویانا میں منعقدہ ویمن اِن لا کانفرنس 2026 میں شرکت کی، جہاں انہیں جسٹیشیا ایوارڈز میں عالمی اعزاز دیا گیا۔

ترجمان نے بتایا کہ یہ ایوارڈ جسٹس عائشہ ملک کی قانون و انصاف، مساوات اور انسانی حقوق کے لیے خدمات کا اعتراف ہے جبکہ خواتین کی قانونی شعبے میں مؤثر شمولیت کے لیے ان کی خدمات کو بھی سراہا گیا۔

جسٹس عائشہ اے ملک نے کانفرنس کے دوران قانونی استدلال میں صنفی تناظر کی اہمیت پر زور دیا اور خواتین کے حقوق اور قانونی شعبے میں خواتین کی مؤثر نمائندگی کی ضرورت اجاگر کی۔

ویمن اِن لا کانفرنس 2026 میں خواتین کے حقوق، صنفی مساوات اور قانونی شعبے میں خواتین کے کردار پر گفتگو کی گئی جبکہ جسٹیشیا ایوارڈز گالا بھی کانفرنس کا حصہ تھا۔

جسٹس عائشہ ملک نے 24 جنوری 2022 کو پاکستان کی سپریم کورٹ کی پہلی خاتون جج کی حیثیت سے حلف اٹھایا تھا۔ سپریم کورٹ میں تقرری سے قبل وہ لاہور ہائیکورٹ کی جج رہ چکی ہیں۔

جسٹس عائشہ ملک کو خواتین کے حقوق اور قانونی مساوات سے متعلق معاملات میں ان کے عدالتی کردار کے باعث بھی نمایاں مقام حاصل رہا ہے۔ لاہور ہائیکورٹ میں جج کی حیثیت سے انہوں نے خواتین سے متعلق اہم مقدمات کی سماعت کی۔

جسٹس عائشہ اے ملک کو ملنے والا یہ عالمی اعزاز نہ صرف ان کی عدالتی و قانونی خدمات کا اعتراف ہے بلکہ پاکستان کی عدلیہ میں خواتین کی نمائندگی کے حوالے سے بھی اہم پیش رفت سمجھا جا رہا ہے۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں