منیلا (لارڈ میڈیا) فلپائن میں مسافر فیری ایم وی جون ایسٹر کے خوفناک حادثے میں ہلاکتوں کی تعداد 76 ہو گئی ہے جبکہ 13 افراد تاحال لاپتا ہیں۔ حکام کے مطابق مزید 41 جلی ہوئی لاشیں امدادی ٹیموں نے برآمد کی ہیں۔
فیری 9 ستمبر کو منیلا سے پالاون کے سیاحتی شہر کورون جا رہی تھی اور اس میں 130 سے زائد افراد سوار تھے۔ منزل کے قریب پہنچنے سے کچھ دیر قبل جہاز میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی، جو تیزی سے پھیل گئی۔ 43 افراد کو زندہ بچا لیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق آگ بجھانے کے بعد امدادی کارکن پہلی مرتبہ فیری کے اندر داخل ہو سکے، جہاں اکانومی رہائشی حصے سے جلی ہوئی لاشیں ملیں۔ شدید گرمی اور دھویں کی وجہ سے اس حصے تک پہنچنے میں مشکلات پیش آئیں۔
فلپائن کوسٹ گارڈ کے مطابق متاثرین کی شناخت کے لیے فرانزک ٹیمیں کام کر رہی ہیں اور ذاتی اشیا کے ساتھ ڈی این اے کے ذریعے بھی شناخت کا عمل جاری ہے۔ متاثرہ خاندان اپنے لاپتا عزیزوں کی معلومات کے لیے بندرگاہ پر موجود ہیں۔
حادثے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی، تاہم زندہ بچ جانے والے افراد کے بیانات کے مطابق آگ لگنے سے پہلے فیری کے اندر دو دھماکوں کی آوازیں سنی گئی تھیں۔ حکام نے واقعے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی ہیں۔


