ہومتازہ ترینچین کے شہر چھنگ ڈاؤ میں مال بردار بحری جہاز میں آتشزدگی...

چین کے شہر چھنگ ڈاؤ میں مال بردار بحری جہاز میں آتشزدگی سے 20 افراد ہلاک، 5 لاپتہ

چھنگ ڈاؤ (شِنہوا) چین کے مشرقی صوبے شان ڈونگ کے شہر چھنگ ڈاؤ کے ایک شپ یارڈ میں جمعرات کے روز مرمت کے کام کے دوران ایک غیر ملکی مال بردار بحری جہاز میں آگ لگنے سے 20 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو گئی ہے جبکہ 5 افراد ابھی تک لاپتہ ہیں۔

بلدیہ کے فائر اینڈ ریسکیو بیورو کے مطابق آگ صبح تقریباً 11 بج کر 15 منٹ پر اس وقت لگی جب جہاز چائنہ اسٹیٹ شپ بلڈنگ کارپوریشن چھنگ ڈاؤ بے ہائی شپ بلڈنگ کمپنی لمیٹڈ میں مرمت کے مرحلے میں تھا۔

جہاز پر کل 42 افراد سوار تھے۔ 12 افراد کو محفوظ طریقے سے نکال لیا گیا اور 5 زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

آگ پر دوپہر تقریباً 2 بج کر 30 منٹ پر قابو پا لیا گیا اور شام 5 بج کر 30منٹ تک امدادی عملے نے ابتدائی طور پر لاپتہ بتائے گئے 25 افراد میں سے 20 کو تلاش کر لیا جن میں سے کوئی بھی زندہ نہیں بچا۔

واقعے کے فوراً بعد تلاش اور بچاؤ کی کارروائیوں کے لئے ہنگامی امداد، فائر اینڈ ریسکیو، پولیس اور طبی شعبوں کو فوری طور پر متحرک کیا گیا تھا۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں