تبلیسی (شِنہوا) جارجیا کے دارالحکومت تبلیسی میں امیریتی ونڈ پاور پلانٹ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب منعقد ہوئی۔ یہ منصوبہ سیچھوان انرجی انٹرنیشنل انویسٹمنٹ کمپنی لمیٹڈ کی سرمایہ کاری سے قائم کیا جا رہا ہے۔ اس تقریب کے ساتھ جارجیا میں چین کی سرمایہ کاری سے شروع ہونے والے نئی توانائی کے پہلے منصوبے کی تعمیر کا باضابطہ آغاز ہوگیا ہے۔
جارجیا کی وزارت اقتصادیات اور پائیدار ترقی کے محکمہ توانائی پالیسی و سرمایہ کاری منصوبوں کی سربراہ مارگالیٹا عربیدزے نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ برسوں میں جارجیا میں بجلی کی کھپت میں مسلسل اضافہ ہوا ہے اور ملکی توانائی کے وسائل کو ترقی دینا ملک کے توانائی کے شعبے کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ جارجیا میں ہوا سے بجلی پیدا کرنے کے شعبے کی ترقی میں چینی کمپنیاں اہم کردار ادا کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ امیریتی ونڈ پاور منصوبے جیسے منصوبوں سے ملک کے توانائی کے مجموعی ذرائع میں صاف توانائی کا حصہ بڑھے گا اور توانائی کے حوالے سے خود انحصاری میں مدد ملے گی۔
جارجیا کے نیشنل انرجی اینڈ واٹر سپلائی ریگولیٹری کمیشن کے چیئرمین ڈیوٹ نرمانیا نے کہا کہ یہ منصوبہ جارجیا کے توانائی کے نظام کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی اور مزید اقتصادی نمو کے لئے اضافی مواقع پیدا کرنے میں مدد دے گا۔
انہوں نے کہا کہ چینی ٹیکنالوجیز اور آلات پہلے ہی جارجیا کے توانائی کے شعبے میں وسیع پیمانے پر استعمال کئے جا رہے ہیں، جبکہ یہ منصوبہ جارجیا اور چین کے درمیان موثر تکنیکی تعاون کی ایک مثال بنے گا۔
جارجیا میں چینی سفارتخانے کے ناظم الامور دائی چھون یونگ نے کہا کہ امیریتی ونڈ پاور منصوبہ جارجیا کے توانائی کے شعبے میں چینی کمپنیوں کے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین جارجیا کے ساتھ ترقی کے مواقع بانٹنے اور دونوں ممالک کے عوام کی فلاح و بہبود بہتر بنانے کے لئے تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ چینی کمپنیوں کی جانب سے سرمایہ کاری یا تعمیر کئے جانے والے نئی توانائی اور دیگر منصوبے کاربن کے اخراج میں کمی اور جارجیا کی اقتصادی ترقی کے فروغ میں مدد دیں گے۔
امیریتی ونڈ پاور منصوبہ جارجیا کے امیریتی خطے کی ساچخیرے میونسپلٹی میں واقع ہے۔ منصوبے کے پہلے مرحلے میں 104 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی تنصیب کی گنجائش مقرر کی گئی ہے۔ اس کے فعال ہونے کے بعد سالانہ تقریباً 34 کروڑ کلوواٹ آور بجلی پیدا ہونے کی توقع ہے، جو 90 ہزار سے زائد مقامی گھرانوں کی بجلی کی ضروریات پوری کرنے کے لئے کافی ہوگی۔


