کراچی (لارڈ میڈیا): سندھ اسمبلی نے ملک میں نئے صوبوں اور نئے انتظامی یونٹس کی مجوزہ تشکیل پر بحث کے لیے تحریک التوا منظور کر لی ہے۔ اجلاس کے آغاز پر پیپلزپارٹی کے صوبائی صدر نثار احمد کھوڑو نے اسپیکر سے درخواست کی کہ وہ فوری نوعیت کے عوامی ایشو پر تحریک التوا پیش کرنا چاہتے ہیں۔
اسپیکر نے وزیر قانون و پارلیمانی امور ضیاء الحسن لنجار سے مشورے کے بعد انہیں تحریک پیش کرنے کی اجازت دی۔ ضیاء لنجار کا کہنا تھا کہ یہ اہم معاملہ ہے اور انہیں اس پر کوئی اعتراض نہیں۔
اسپیکر اویس قادر شاہ نے تحریک التوا کو بحث کے لیے منظور کرتے ہوئے رولنگ دی کہ اس پر پیر کے روز دو گھنٹے بحث ہوگی، تاہم ارکان مزید دنوں تک گفتگو کر سکتے ہیں۔
ایوان نے اکثریت رائے سے تحریک التوا منظور کر لی، اب سندھ اسمبلی میں نئے صوبوں کے معاملے پر پیر کو باقاعدہ بحث شروع ہوگی۔ سندھ اسمبلی کا اجلاس پیر کی دوپہر دو بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔


