کینیڈا (لارڈ میڈیا): کینیڈا کے شہر اسکاربورو میں پاکستانی نژاد خاتون رکن پارلیمنٹ سلمیٰ زاہد کی گاڑی کو نامعلوم افراد نے نذر آتش کردیا۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ رات ڈیڑھ بجے پیش آیا جب گاڑی ان کے گھر کے باہر کھڑی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یہ علاقہ عمومی طور پر پرامن سمجھا جاتا ہے، تاہم یہاں اس نوعیت کا واقعہ تشویشناک ہے۔ پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے اور اسے نفرت پر مبنی جرم قرار دیا جا رہا ہے۔
سلمیٰ زاہد نے بتایا کہ خوش قسمتی سے وہ اور ان کے اہل خانہ حملے کے وقت گھر کے اندر موجود تھے اور محفوظ رہے۔ انہوں نے اس واقعے کو ناقابل یقین قرار دیا ہے۔
پولیس سی سی ٹی وی فوٹیجز کا جائزہ لے رہی ہے، تاہم اب تک ملزمان کا کوئی سراغ نہیں ملا۔ مسلم کمیونٹی نے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے اور کہا کہ ایسے واقعات کینیڈا کی ساکھ کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔


