اسلام آباد (لارڈ میڈیا): وزیراعظم شہباز شریف نے پمز اسپتال کے گائنی وارڈ میں آتشزدگی کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے۔
وزیراعظم نے تمام متعلقہ حکام اور اداروں کے سربراہان کو وزیراعظم ہاؤس طلب کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں پمز اسپتال میں آگ لگنے کے واقعے کا جائزہ لیا جائے گا اور غفلت یا کوتاہی کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے گا۔
دوسری جانب انتظامیہ نے واقعے کی تحقیقات کے لیے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کی سربراہی میں 8 رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ کمیٹی میں کیپیٹل ایمرجنسی سروسز کے ڈی جی، ایس پی سٹی، اسسٹنٹ کمشنر آئی نائن، ڈی جی سی ڈی اے، آئیسکو اور پمز اسپتال کے افسران شامل ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق تحقیقاتی کمیٹی آتشزدگی کی وجوہات اور واقعے سے متعلق دیگر پہلوؤں کا جائزہ لے گی اور اپنی رپورٹ 24 گھنٹے میں پیش کرے گی۔
وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ وہ پمز اسپتال انتظامیہ اور متعلقہ حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی کی غفلت کے باعث واقعہ پیش آیا تو ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ وزیر صحت نے واضح کیا کہ اگر تحقیقات میں ان کی اپنی غلطی ثابت ہوئی تو وہ بھی جواب دہ ہوں گے۔


