اسلام آباد (لارڈ میڈیا) انتظامیہ نے پمز اسپتال میں آتشزدگی کے واقعے کی تحقیقات کے لیے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کی سربراہی میں 8 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
کمیٹی میں کیپیٹل ایمرجنسی سروسز کے ڈی جی، ایس پی سٹی، اسسٹنٹ کمشنر آئی نائن، ڈی جی سی ڈی اے، آئیسکو اور پمز اسپتال کے متعلقہ افسران شامل ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق کمیٹی آگ لگنے کی وجوہات، ممکنہ غفلت اور واقعے سے متعلق دیگر پہلوؤں کا جائزہ لے گی۔ کمیٹی کو 24 گھنٹے کے اندر تحقیقات مکمل کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ وہ پمز اسپتال کی انتظامیہ اور متعلقہ حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر تحقیقات میں کسی کی غفلت ثابت ہوئی تو ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔


