واشنگٹن (لارڈ میڈیا) امریکا نے ایرانی پاسداران انقلاب کے اہم رہنماؤں کی معلومات فراہم کرنے پر بھاری انعام کا اعلان کیا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کی جاری کردہ فہرست میں پاسدارانِ انقلاب کے کمانڈر احمد وحیدی سر فہرست ہیں جبکہ خاتم الانبیاء مرکزی ہیڈکوارٹرز کے سربراہ علی عبداللہی بھی شامل ہیں۔
انعامی فہرست میں ایرانی ایرواسپیس فورس ڈرون یونٹ کے کمانڈر سعید آقاجانی، سائبر الیکٹرانک کمانڈ کے سربراہ حمیدرضا لشگریان اور پاسدارانِ انقلاب انٹیلی جنس دفتر کے کمانڈر مجید خادمی بھی شامل ہیں۔ ان اہم ایرانی رہنماؤں کی معلومات دینے پر ایک کروڑ ڈالر تک کا انعام دیا جائے گا۔
امریکا نے ایران سے منسلک کمپنیوں اور شخصیات پر نئی پابندیاں بھی عائد کر دی ہیں۔ امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے کہا ہے کہ ایران سے منسلک 60 اداروں، افراد اور جہازوں پر پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں جن کا تعلق جوہری، میزائل، سائبر اور تیل کے نیٹ ورکس سے ہے۔
ایران کو بعض ترسیلاتِ زر کی اجازت دینے والے عمومی لائسنس بھی معطل کر دیے گئے ہیں۔ متحدہ عرب امارات، ہانگ کانگ، چین، سنگاپور، سوئٹزرلینڈ اور یورپ میں بروکر کمپنیاں ان پابندیوں کی زد میں آئیں ہیں جبکہ روسی خفیہ بحری بیڑے کے جہازوں کے نیٹ ورک پر بھی پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔
امریکی وزیر خزانہ نے واضح کیا کہ چین سمیت کوئی بھی ملک امریکی پابندیوں سے محفوظ نہیں ہے۔ ایران کی حمایت کرنے والے ہر ملک کو امریکی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اسکاٹ بیسنٹ کے مطابق ہر ملک کو ایک ڈیڈلائن دی گئی ہے اور اگر وہ خود کارروائی نہیں کریں گے تو امریکا خود یکطرفہ طور پر کارروائی کرے گا۔


