ہومتازہ ترینپمز میں سی ٹی کورونری اینجیوگرافی فعال نہ ہونے پر وزیراعظم کا...

پمز میں سی ٹی کورونری اینجیوگرافی فعال نہ ہونے پر وزیراعظم کا نوٹس

اسلام آباد (لارڈ میڈیا) وزیراعظم شہباز شریف نے پمز اسپتال میں سی ٹی کورونری اینجیوگرافی کی سہولت فعال نہ ہونے پر نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کے لیے ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دی ہے۔

وزیراعظم کی ہدایت پر قائم کمیٹی کی سربراہی سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کریں گے جبکہ سیکریٹری ہیلتھ سروسز ڈاکٹر جہانزیب علی، ڈاکٹر نصرت اللہ چوہدری، پروفیسر ندیم حیات، ڈاکٹر عظمت حیات اور عمر فاروق بھی کمیٹی میں شامل ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ کمیٹی ہر پہلو کا جائزہ لے کر حقائق اور ذمہ داران کا تعین کرے گی اور فوری رپورٹ پیش کرے گی۔ کمیٹی ضرورت کے مطابق کسی اور رکن کو بھی شامل کر سکتی ہے۔

انکوائری میں جائزہ لیا جائے گا کہ پمز میں 2022ء سے سی ٹی کورونری اینجیوگرام کی تکنیکی صلاحیت ہونے کے باوجود سہولت فعال کیوں نہیں رہی۔ مطلوبہ تکنیکی سہولیات، انسانی وسائل اور سافٹ ویئر کی دستیابی بھی جانچی جائے گی۔

کمیٹی 2022ء سے اب تک پمز میں کیے گئے سی ٹی کورونری اینجیوگرام کے طریقہ کار، تعداد، تاریخوں اور متعلقہ ریکارڈ کا جائزہ لے گی۔ کارڈیالوجی اور ریڈیالوجی شعبوں کے درمیان ریفرل میکنزم اور باہمی رابطے کی صورتحال بھی دیکھی جائے گی۔

انکوائری کمیٹی یہ بھی جانچے گی کہ آیا پمز کے مریضوں کو معمول کے مطابق سی ٹی کورونری اینجیوگرام کے لیے نجی مراکز ریفر کیا جاتا رہا اور اگر ایسا ہوا تو کیا کسی مخصوص نجی ادارے کو ترجیح دی گئی۔

کمیٹی عدم رابطہ کاری، بدانتظامی یا غفلت کے نتیجے میں عوامی مفاد کو پہنچنے والے نقصان اور ذمہ دار افسران یا دفاتر کا بھی تعین کرے گی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ حقائق اور ریکارڈ کی مکمل جانچ کے بعد رپورٹ پیش کی جائے تاکہ قانون اور قواعد کے مطابق مزید کارروائی کی جا سکے۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں