تہران (لارڈ میڈیا): ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکی پابندیوں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی دباؤ اور پابندیاں پہلے بھی ناکام ہو چکی ہیں اور آئندہ بھی ناکامی ان کا مقدر بنے گی۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کی غیر مشروط سرنڈر کی کوشش بھی ناکام ہوئی ہے اور موجودہ اقتصادی کارروائی بھی ناکام ہوگی۔ عراقچی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے خلاف سخت ترین پابندیاں عائد کرنے کی دھمکی کو پرانی پالیسیوں کا ناکام تسلسل قرار دیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ نے ایران کے خلاف تاریخ کی سب سے تباہ کن معاشی کارروائی شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔ امریکی وزیر خزانہ سکاٹ بیسنٹ نے بھی ایران پر تاریخ کی سخت ترین پابندیاں عائد کرنے کی بات کرتے ہوئے چین سمیت دیگر ممالک کو امریکہ کے ساتھ کھڑا ہونے کی ضرورت پر زور دیا تھا۔
عباس عراقچی نے سوشل میڈیا پر اپنے ردعمل میں یاد دلایا کہ 2012ء میں بھی امریکہ نے ایران پر پابندیاں عائد کی تھیں جنہیں تباہ کن قرار دیا گیا تھا لیکن وہ ناکام ہوئیں۔ انہوں نے امریکی زیادہ سے زیادہ دباؤ کی مہم کا حوالہ دیتے ہوئے اسے بھی ناکام قرار دیا۔
ایرانی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ تقریباً پانچ ماہ قبل امریکہ کی جانب سے ایران سے غیر مشروط ہتھیار ڈالنے کا مطالبہ بھی ناکام رہا۔ انہوں نے کہا کہ امریکی حکمت عملی میں الفاظ اور چہرے تبدیل ہوسکتے ہیں لیکن ایران پر دباؤ ڈالنے کی کوشش نئی نہیں۔


