کراچی (لارڈ میڈیا): پارسل کی ترسیل کے نام پر شہریوں کے واٹس ایپ اکاؤنٹس ہیک کرنے والا سائبر فراڈ کا نیا طریقہ سامنے آیا ہے۔ جعل ساز گروہ خود کو معروف کورئیر کمپنی کا نمائندہ ظاہر کرکے شہریوں سے واٹس ایپ کا تصدیقی کوڈ حاصل کرتے ہیں۔
یہ جعل ساز شہریوں کو فون کرکے کہتے ہیں کہ ان کا پارسل آیا ہوا ہے اور ڈیلیوری مکمل کرنے یا پتے کی تصدیق کے لیے موبائل فون پر ایک کوڈ موصول ہوگا جو انہیں بتا دیا جائے۔ جب شہری واٹس ایپ پر موصول ہونے والا تصدیقی کوڈ کال کرنے والے شخص کو بتاتے ہیں، تو جعل ساز متاثرہ شخص کے نمبر پر اپنے موبائل فون میں واٹس ایپ رجسٹر کرکے اکاؤنٹ کا کنٹرول حاصل کرلیتے ہیں۔
اکاؤنٹ ہیک ہونے کے بعد جعل ساز متاثرہ شخص کے واٹس ایپ میں موجود رابطہ نمبرز کو استعمال کرتے ہوئے اس کے رشتہ داروں، دوستوں، ساتھیوں اور جاننے والوں کو پیغامات بھیج کر فوری مالی مدد کے نام پر رقم طلب کرتے ہیں۔


