راولاکوٹ (لارڈ میڈیا): آزاد جموں و کشمیر میں کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کی گرفت سے بازیاب 8 پولیس اہلکاروں نے پیش آنے والے پُرتشدد واقعے کی تفصیلات بتا دی ہیں۔ ہائی وے پولیس کے یہ اہلکار انتخابات کے لیے ڈیوٹی انجام دے کر واپس لوٹ رہے تھے جب مسلح عناصر نے انہیں اغوا کر لیا۔ اہلکاروں کی بحفاظت بازیابی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مؤثر کارروائی کا نتیجہ ہے۔
پولیس اہلکاروں کا کہنا ہے کہ انہیں اغوا کرنے والے جتھے نے جدید اسلحہ، ہتھیار اور دستی بم سے لیس ہو کر اُن پر تشدد کیا اور پاک فوج مخالف نعرے لگوانے کی کوشش کی۔ بازیاب اہلکاروں نے مزید بتایا کہ دھرنے میں خواتین اور بچوں کو ڈھال بنا کر جتھوں کو چھپایا گیا تھا۔
حالیہ واقعہ کالعدم کمیٹی کی قانون شکنی اور تشدد کی کارروائیوں کو بے نقاب کرتا ہے۔ ریاستی اداروں نے اس کارروائی کے ذریعے اپنے اہلکاروں اور شہریوں کے تحفظ کے لیے عزم کا اظہار کیا ہے۔
بازیاب اہلکاروں نے مزید کہا کہ اغوا کاروں کا اصل ایجنڈا عوامی فلاح نہیں بلکہ ریاست مخالف اور تشدد پر مبنی ہے۔ واقعے میں ملوث تمام عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی ناگزیر ہے۔


