راولپنڈی (لارڈ میڈیا): راولپنڈی اور اسلام آباد میں تیز بارش کے باعث نالہ لئی میں طغیانی کے بعد خطرے کے سائرن بجا دیے گئے ہیں۔ سید پور میں 66، گولڑہ میں 52، بوکرہ میں 65، پیرودھائی میں 63، چکلالہ میں 47 اور شمس آباد میں 50 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
مسلسل تیسرے روز شدید بارش کے باعث نالہ لئی کی سطح کٹاریاں کے مقام پر 22 فٹ سے تجاوز کر گئی ہے۔ انتظامیہ کے مطابق گوالمنڈی پل کے مقام پر پانی کی سطح 16 فٹ تک پہنچ گئی ہے۔ تیز بارش کے باعث نالہ لئی کے اطراف خطرے کے سائرن بجا دیے گئے ہیں۔
ریسکیو 1122 نے شہریوں کو محتاط رہنے کے اعلانات شروع کر دیے ہیں۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہونے پر شہری غیر ضروری طور پر گھروں سے نہ نکلیں اور بچوں کو برساتی نالوں اور بجلی کے کھمبوں سے دور رکھیں۔
محکمہ موسمیات نے جمعے تک ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں مزید بارشوں کا الرٹ جاری کر رکھا ہے۔ اسلام آباد، بالائی پنجاب، بلوچستان، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش ہو سکتی ہے۔
فلڈ فارکاسٹنگ ڈویژن لاہور کے مطابق دریائے سندھ میں کالاباغ، چشمہ، تونسہ اور گڈو بیراج پر نچلے درجے کے سیلاب ہیں جبکہ ملک کے باقی دریاؤں میں صورتحال معمول پر ہے۔ راولپنڈی کے علاقے شمس آباد میں سب سے زیادہ 116 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔


