اسلام آباد (لارڈ میڈیا) پاکستان تحریک انصاف نے اپنے بانی عمران خان کی اسپتال منتقلی کے موقع پر کارکنان سے اسپتال کے باہر جمع نہ ہونے کی اپیل کی ہے۔ پارٹی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ عمران خان کی صحت اور علاج کے لئے پُرامن ماحول کو یقینی بنایا جائے اور عدالتی احکامات پر مکمل عملدرآمد کیا جائے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ عدالت عظمیٰ کے فیصلے سے بہترین طبی سہولیات کے مطالبے کو تقویت ملی ہے اور توقع کی جاتی ہے کہ متعلقہ حکام عدالتی احکامات پر من و عن عمل کریں گے۔ پی ٹی آئی نے عدالتی حکم پر فوری عملدرآمد کا مطالبہ کیا ہے۔
سپریم کورٹ نے عمران خان کو اگلی سماعت تک شفاء اسپتال منتقل کرنے اور میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم دیا ہے۔ پی ٹی آئی نے سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے بنیادی حق صحت اور انسانی وقار کے تحفظ کو سراہا گیا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ نے عمران خان کو فوری شفاء انٹرنیشنل منتقل کرنے کا حکم دیا ہے، جس میں ماہر ڈاکٹرز پر مشتمل میڈیکل بورڈ بھی بنایا جائے گا۔ ڈاکٹر فیصل سلطان اور ڈاکٹر عظمیٰ خان کی شمولیت کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔


