ممبئی (لارڈ میڈیا): بھارت میں ریاستی سطح پر کھیلی جانے والی ٹی ٹوئنٹی لیگز میں مبینہ میچ فکسنگ کے لیے مشکوک سرگرمیوں کا انکشاف ہوا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق مختلف لیگز میں بکیز کا کھلاڑیوں، ٹیم منیجرز اور مالکان سے رابطے کا انکشاف ہوا ہے۔
رپورٹ کے مطابق جون سے اگست تک تامل ناڈو، ممبئی، کرناٹک، دہلی اور پنجاب میں لیگز کھیلی جاتی ہیں۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن یونٹ نے ان ریاستی ٹی ٹوئنٹی لیگز کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے۔
بی سی سی آئی کا اینٹی کرپشن یونٹ ریاستی ٹی ٹوئنٹی لیگز کے میچز کی نگرانی کرے گا اور ہوٹلوں میں کھلاڑیوں اور آفیشلز کی ملاقاتوں پر بھی کڑی نظر رکھی جائے گی۔ بی سی سی آئی کے سیکرٹری دیواجیت سائکیا نے کہا ہے کہ بکیز کے جھانسے میں آنے والے کھلاڑیوں یا مالکان کو بخشا نہیں جائے گا اور کھیل کے وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔


