اسلام آباد (لارڈ میڈیا): وفاقی دارالحکومت کے 27 تھانوں کو 14 سال بعد 30 نئی گاڑیاں فراہم کر دی گئی ہیں جبکہ ہزاروں نئی بھرتیوں کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔
اسلام آباد پولیس کو نئی گاڑیاں دینے کی تقریب میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری نے شرکت کی اور گاڑیوں کی چابیاں پولیس کے حوالے کیں۔ محسن نقوی نے کہا کہ ناکارہ گاڑیوں کے ساتھ جدید پولیسنگ ممکن نہیں، نئی گاڑیوں سے پولیس کا رسپانس ٹائم بہتر ہوگا۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ پولیس کی ضروریات پوری کر کے مطلوبہ نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ اسلام آباد کے تمام تھانوں کی تعمیر اور اپ گریڈیشن پر بھی کام جاری ہے، جو جلد مکمل ہوگا۔ الیکٹرک گاڑیوں کا استعمال ماحول دوست پالیسی کا حصہ ہے، جس سے پٹرولیم اخراجات میں کمی ہوگی۔
وزیر مملکت طلال چوہدری نے بتایا کہ اسلام آباد پولیس کے پاس 14 سال پرانی گاڑیاں تھیں، اب نئی گاڑیاں فراہم کر دی گئی ہیں۔ افسران کو لاجسٹکس اور رہائش کی سہولیات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ 9 ہزار نئے جوان بھرتی کیے جا رہے ہیں اور بھرتیوں میں میرٹ یقینی بنایا جا رہا ہے۔ ان اقدامات سے اسلام آباد پولیس کو ماڈل بنایا جائے گا۔ تقریب میں وفاقی سیکرٹری داخلہ، آئی جی اسلام آباد پولیس اور اعلیٰ پولیس افسران بھی موجود تھے۔


