کراچی (لارڈ میڈیا) کم عمر گداگر بچی کو راشن کا جھانسا دے کر اجتماعی زیادتی کرنے والے دو ملزمان کو دو بار عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ ایڈیشنل سیشن عدالت جنوبی نے اس کیس کا فیصلہ سنایا۔
عدالت نے جرم ثابت ہونے پر ملزمان غلام رسول اور خالد کو دو دو مرتبہ عمر قید کی سزا سنائی۔ عدالت نے یہ بھی حکم دیا کہ ملزمان متاثرہ بچی کو پانچ پانچ لاکھ روپے معاوضہ ادا کریں۔
پراسکیویشن کے مطابق 2022 میں ملزمان نے بچی کو اغوا کر کے سی ویو کے قریب اجتماعی زیادتی کی تھی۔ ملزمان آن لائن ٹیکسی سروس سے وابستہ تھے اور ان کا ریکارڈ کمپنی سے حاصل کیا گیا تھا۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ متاثرہ بچی نے شناخت پریڈ میں ملزمان کو پہچانا اور اس کی گواہی مقدمے میں بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ طبی شواہد بھی متاثرہ بچی کے بیان سے مکمل مطابقت رکھتے ہیں۔


