اسلام آباد (لارڈ میڈیا) ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسن اندرابی نے کہا ہے کہ مکہ معاہدہ بڑا واضح ہے کہ اگر ایک ملک پر حملہ ہوتا ہے تو اسے سب پر حملہ تصور کیا جائے گا۔ ہفتہ وار پریس بریفنگ میں انہوں نے کہا کہ 7 اگست کو ہونے والا مکہ سمٹ اہمیت کا حامل رہا اور پاکستان نے معاہدے میں ایک اہم کردار ادا کیا۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ مکہ معاہدہ خالصتا دفاعی نوعیت کا ہے اور اس کا مقصد علاقائی امن و استحکام کو یقینی بنانا ہے۔ اس معاہدے کے تحت خطے اور اس سے باہر اجتماعی سلامتی کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ معاہدہ صرف تین ممالک تک محدود نہیں بلکہ وسیع تر امن و سلامتی کے لیے ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان خطے میں امن کے حوالے سے پرامید ہے اور مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع کے حل کے لیے پرخلوص کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ ترجمان نے کہا کہ کشیدگی کے بعد فریقین نے بات چیت بھی کی ہے۔
طاہر حسن اندرابی نے کہا کہ پاکستان کی پوزیشن ایم او یو کے حوالے سے واضح ہے اور ایران کے مثبت بیان پر شکر گزار ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم امریکا سعودی عرب سول جوہری ڈیل کا جائزہ لے رہے ہیں اور سعودی عرب کے جوہری توانائی کے حق کی حمایت کرتے ہیں۔


