تہران (لارڈ میڈیا): پاسداران انقلاب ایران کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل حسین محبی نے کہا ہے کہ اگر ایران کو دوبارہ خطرات کا سامنا ہوا تو خطے میں موجود تمام امریکی اور غیر امریکی توانائی سسٹمز اور انٹرنیٹ سے جڑا عالمی انفراسٹرکچر تباہ کر دیا جائے گا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ رمضان میں ایران پر مسلط کردہ جنگ کے بعد اب خلیج فارس میں کوئی امریکی بحری جہاز موجود نہیں ہے۔
بریگیڈیئر جنرل حسین محبی نے کہا کہ ماضی میں ایران عراق جنگ کے وقت امریکا نے سو سے زائد جنگی جہاز خلیج فارس میں لا کر ایران کی ناکہ بندی کی تھی، تاہم اب ایک بھی امریکی جہاز خلیج فارس میں نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی بحری ناکہ بندی توڑنے کی کوشش میں امریکی فوج نے پاناما کے پرچم بردار جہاز پر حملہ کیا۔
ایرانی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری محسن رضائی نے کہا کہ آبنائے ہرمز تب تک بند رہے گی جب تک امریکا اپنے رویے میں تبدیلی نہ لائے۔ انہوں نے امریکا کو جنگ ختم کرنے اور ایرانی منجمد اثاثے بحال کرنے کی شرائط سے آگاہ کیا ہے۔


