ہومتازہ ترینپاکستان کا روس اور یوکرین تنازع سفارتی ذرائع سے حل کرنے...

پاکستان کا روس اور یوکرین تنازع سفارتی ذرائع سے حل کرنے پر زور

نیویارک (لارڈ میڈیا): پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے یوکرین تنازع سے متعلق آریا فارمولا اجلاس میں شرکت کرتے ہوئے تنازع کے سفارتی حل اور زیرحراست افراد کے تحفظ پر زور دیا ہے۔ پاکستان کے مشن کے قونصلر کامران تاج نے اجلاس میں کہا کہ تمام فریقین کو بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت اپنی ذمہ داریوں کی پاسداری کرنی چاہئے اور روس، یوکرین تنازع کو سفارتی ذرائع سے حل کرنے کے لیے اقدامات کرنے چاہئیں۔

آریا فارمولا اجلاس ایک غیر رسمی طریقہ کار ہے جس میں سلامتی کونسل کے ارکان اہم عالمی امور پر کھل کر تبادلہ خیال کرتے ہیں۔ یوکرین سے متعلق اجلاس کا انعقاد لٹویا، یوکرین اور برطانیہ نے کیا جس میں جنگی قیدیوں، زیرحراست شہریوں اور غیر ملکی جنگجوؤں سے متعلق امور پر غور کیا گیا۔

کامران تاج نے بین الاقوامی قانون کے تحت جنگی قیدیوں کو حاصل تحفظات کو اجاگر کرتے ہوئے ان کے ساتھ ناروا سلوک کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ فریقین کے درمیان متحدہ عرب امارات، قطر اور ترکیہ کی معاونت سے جنگی قیدیوں کا باقاعدہ تبادلہ درست سمت میں ایک قدم ہے۔

انہوں نے تنازع میں غیر ملکی جنگجوؤں کی شمولیت پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس عمل کے خاتمے پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ غیر ملکی جنگجوؤں کا مسئلہ عالمی برادری کے لیے طویل عرصے سے باعث تشویش ہے اور حالیہ عرصے میں اس رجحان میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

پاکستان ہمیشہ تنازعات کے پرامن حل کے لیے مکالمے اور سفارت کاری کو بنیادی اہمیت دینے کے اپنے غیر متزلزل مؤقف پر قائم رہا ہے اور اس مقصد کے لیے تمام سفارتی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔ کامران تاج نے روس، یوکرین تنازع کو جلد ختم کرنے اور اقوام متحدہ کے منشور، بین الاقوامی قانون اور متعلقہ کثیرالجہتی معاہدوں سے ہم آہنگ منصفانہ اور پائیدار تصفیے کی ضرورت پر زور دیا۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں