دنیا (لارڈ میڈیا): دنیا بھر میں آج ایک نایاب مکمل سورج گرہن کا مشاہدہ کیا جائے گا۔ ماہرین کے مطابق گرین لینڈ، آئس لینڈ، اسپین، شمالی بحرِ اوقیانوس اور شمالی روس میں چاند مکمل طور پر سورج کو ڈھانپ لے گا، جس سے سورج کا بیرونی حصہ نمایاں ہوگا۔
عرب ممالک میں یہ سورج گرہن نہیں دیکھا جا سکے گا، البتہ شمالی افریقا کے بعض علاقوں میں جزوی طور پر نظر آئے گا۔ الجزائر میں سورج کا تقریباً 96 فی صد حصہ چاند سے ڈھک جائے گا، جو خطے میں سب سے نمایاں منظر ہوگا۔
مراکش کے دارالحکومت رباط میں سورج کا تقریباً 88 فی صد حصہ گرہن کی زد میں آئے گا جبکہ تیونس اور موریطانیہ میں یہ شرح بالترتیب 50 اور 46 فی صد تک رہنے کی توقع ہے۔
ماہرین فلکیات نے خبردار کیا ہے کہ سورج گرہن کو براہِ راست آنکھوں سے دیکھنا خطرناک ہو سکتا ہے، اس لیے اسے صرف منظور شدہ سولر ایکلیپس چشموں یا محفوظ مشاہداتی آلات کے ذریعے ہی دیکھا جائے۔


