کمپالا (لارڈ میڈیا) یوگنڈا کی قومی فٹبال ٹیم کے کپتان ڈیوڈ اووری ڈاکوؤں کے حملے میں تشدد سے ہلاک ہو گئے۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ کمپالا کے علاقے ماکنڈیے میں پیش آیا جہاں 27 سالہ اووری کے گھر کے قریب حملہ آوروں نے ان سے موبائل فون اور قیمتی سامان چھیننے کی کوشش کی۔ مزاحمت پر انہیں شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں نے اووری پر پتھروں سے حملہ کیا اور انہیں بے ہوشی کی حالت میں چھوڑ کر فرار ہو گئے۔ زخمی فٹبالر کو پہلے قریبی کلینک اور پھر ایک نجی اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جانبر نہ ہو سکے۔
ڈیوڈ اووری یوگنڈا کے کامیاب کلب ایس سی ولا کے کپتان بھی تھے اور وہ رائٹ بیک اور مڈفیلڈر کے طور پر کھیلتے تھے۔ ایس سی ولا نے کہا کہ کلب نے ایک کھلاڑی نہیں بلکہ رہنما، دوست اور بھائی کھویا ہے۔
یوگنڈا فٹبال فیڈریشن نے انہیں میدان کے اندر اور باہر ایک مثالی قائد اور نوجوان نسل کے لیے متاثر کن شخصیت قرار دیا۔


