لاہور (لارڈ میڈیا): پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈومیسٹک کرکٹر حمزہ نذر پر 2 سال کی پابندی اور 10 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کر دیا ہے۔ پی سی بی کے مطابق، حمزہ نذر کے خلاف یہ کارروائی انکوائری کمیٹی کی رپورٹ کے بعد کی گئی، جو ویزا درخواست کے دوران فراہم کردہ معلومات کے حوالے سے تھی۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ حمزہ نذر نے مکمل اور درست معلومات فراہم نہیں کیں اور گمراہ کن معلومات دیں، جس پر تادیبی کارروائی عمل میں لائی گئی۔ معاملے کی تحقیقات کے لیے 3 رکنی کمیٹی بنائی گئی اور حمزہ نذر کو موقف پیش کرنے کا موقع فراہم کیا گیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے واضح کیا کہ وہ غلط بیانی اور حقائق چھپانے کو سنجیدگی سے لیتا ہے اور کسی بھی فرد کو بورڈ، پاکستان کرکٹ اور شائقین کرکٹ کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔


