واشنگٹن (لارڈ میڈیا): وائٹ ہاؤس نے سختی سے ان خبروں کی تردید کی ہے جن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ کے درمیان ایران سے متعلق پالیسی پر اختلافات کی بات کی گئی تھی۔
وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیویٹ نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ مکمل طور پر غلط ہے اور ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود کیمپ ڈیوڈ میں صدر ٹرمپ اور وزیر دفاع کے ساتھ موجود تھیں اور یقین سے کہہ سکتی ہیں کہ رپورٹ میں بیان شدہ واقعہ کبھی پیش نہیں آیا۔
کیرولین لیویٹ نے الزام لگایا کہ بعض میڈیا ادارے مسلسل وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ کو تنقید کا نشانہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، حالانکہ صدر ٹرمپ ان پر مکمل اعتماد رکھتے ہیں۔
مزید کہا گیا کہ صدر ٹرمپ وزیر دفاع سے خوش ہیں اور سمجھتے ہیں کہ وہ اپنی ذمہ داریاں بہترین انداز میں انجام دے رہے ہیں۔
واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ایران سے متعلق حالیہ جنگ اور امریکی پالیسی پر صدر ٹرمپ اور وزیر دفاع کے درمیان اختلافات سامنے آئے تھے، تاہم وائٹ ہاؤس نے ان تمام دعوؤں کو بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔


