لیڈز (لارڈ میڈیا): سن رائزرز لیڈز نے دی ہنڈریڈ میں تاریخی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹورنامنٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا ٹیم اسکور 241 رنز بنایا۔ ہیڈنگلے میں کھیلے گئے میچ میں ریان ریکلٹن نے 42 گیندوں پر 94 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
مچل مارش نے 37 گیندوں پر 76 رنز بنا کر پہلی وکٹ کی شراکت میں 148 رنز جوڑے، جو دی ہنڈریڈ کی نئی ریکارڈ اوپننگ پارٹنرشپ ہے۔
انگلینڈ کے ہیری بروک نے 15 گیندوں پر تیز ترین نصف سنچری مکمل کرتے ہوئے 18 گیندوں پر 55 رنز بنائے۔ انہوں نے 5 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے اپنی ٹیم کو ریکارڈ مجموعے تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
سن رائزرز لیڈز نے لندن اسپرٹ کے خلاف صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر 241 رنز بنائے اور 37 رنز سے کامیابی حاصل کی۔ اس فتح سے سن رائزرز نے پلے آف کی دوڑ میں اپنی امیدیں برقرار رکھی ہیں جبکہ لندن اسپرٹ پوائنٹس ٹیبل پر ساتویں نمبر پر ہے۔


