پشاور (لارڈ میڈیا) پولیس وین کے قریب بارودی مواد کے دھماکے میں دو پولیس اہلکار زخمی ہو گئے ہیں۔ یہ واقعہ پیر زکوڑی پل کے نزدیک پیش آیا جہاں دیسی ساختہ بم نصب کیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق دونوں زخمی اہلکاروں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا اور ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
بم ڈسپوزل یونٹ نے موقع پر پہنچ کر علاقے کی تلاشی شروع کر دی ہے۔ سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس فرحان خان نے بتایا کہ بم گرین بیلٹ میں نصب کیا گیا تھا۔
ریسکیو 1122 کی میڈیکل اور ایمرجنسی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور مزید کارروائی جاری ہے۔
سکندر شیرپاؤ نے اس واقعے کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومتوں کو دہشت گردی کے خاتمے کے لیے موثر پالیسیاں اپنانا ہوں گی۔


