پشاور (لارڈ میڈیا): پاکستان تحریک انصاف نے وفاقی حکومت کے خلاف مشترکہ تحریک چلانے کے لیے جمعیت علماء اسلام (ف) سے رابطے شروع کر دیے ہیں۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی قیادت نے جے یو آئی ف کے قائدین سے ملاقات کی اور مشترکہ احتجاج کی تجویز پیش کی۔
پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ جے یو آئی ف نے فی الحال مشترکہ احتجاج کی حمایت نہیں کی۔ جے یو آئی ف کا مؤقف ہے کہ احتجاج سے قبل دونوں جماعتوں کے درمیان مکمل اعتماد بحال ہونا چاہیے۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی اور جے یو آئی ف کی قیادت کے درمیان آئندہ انتخابات میں مشترکہ حکمت عملی پر بھی گفتگو ہوئی۔ اس حوالے سے ترجمان پی ٹی آئی خیبر پختونخوا شوکت یوسفزئی نے جے یو آئی ف کے قائدین سے ملاقاتوں کی تصدیق کی ہے۔
شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان سے براہ راست ملاقاتیں ہو چکی ہیں اور وفاقی حکومت کے خلاف مؤثر تحریک چلانے پر دونوں جماعتوں میں ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔ دونوں جماعتیں متعدد معاملات پر متفق ہونے کے قریب ہیں۔


