بیجنگ (شِنہوا) کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ (سی پی سی) کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکرٹری شی جن پھنگ نے قومی دفاع اور مسلح افواج کی اعلیٰ معیار کی جدت کو آگے بڑھانے کے لئے سیاسی رہنمائی اور جدت پر مبنی ترقی کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
شی جن پھنگ نے یہ بات کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے ایک گروپ سٹڈی سیشن کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے 2027 میں چین کی پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) کے قیام کی صد سالہ تقریبات سے متعلق اہداف کو پورا کرنے اور قومی دفاع و مسلح افواج کی بنیادی جدت کے ہدف کے حصول میں فیصلہ کن پیش رفت یقینی بنانے پر زور دیا۔
شی جن پھنگ نے کہا کہ اس سے چینی طرز کی جدت کے ذریعے ایک مضبوط ملک کی تعمیر اور قومی احیا کے عظیم مقصد کو ہر شعبے میں آگے بڑھانے کے لئے مضبوط تزویراتی حمایت فراہم ہوگی۔
گروپ سٹڈی سیشن یکم اگست کو پی ایل اے کے یوم تاسیس سے قبل منعقد ہوا۔ اس موقع پر شی جن پھنگ نے کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی اور مرکزی فوجی کمیشن کی جانب سے پیپلز لبریشن آرمی، مسلح پولیس فورس، پی ایل اے کے سویلین اہلکاروں، ریزرو فورسز اور ملیشیا کے تمام ارکان کو یوم تاسیس کی مبارکباد پیش کی۔


