ہومتازہ ترینچین کی سرنگ کھودنے والی دیوہیکل مشین نے دریائے یانگسی کے نیچے...

چین کی سرنگ کھودنے والی دیوہیکل مشین نے دریائے یانگسی کے نیچے سرنگ کی کھدائی کا کام مکمل کر لیا

شنگھائی (شِنہوا) تیز رفتار ریلوے منصوبوں کے لئے چین میں تیار کی گئی دنیا کی سب سے بڑے قطر کی شیلڈ ٹنلنگ مشین نے دریاۓ یانگسی کے نیچے سرنگ کی کھدائی کا کام کامیابی کے ساتھ مکمل کر لیا ہے۔

اس پیشرفت سے تاریخ میں پہلی بار ایک تیز رفتار ٹرین اپنی رفتار کم کئے بغیر 350 کلومیٹر فی گھنٹہ کی مکمل رفتار کے ساتھ دریاۓ یانگسی کے نیچے سے گزر سکے گی جو چین کی دریا عبور کرنے والی ریلوے ٹنلنگ ٹیکنالوجی میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔

کل 14.25 کلومیٹر لمبی یہ سرنگ شنگھائی کے ضلع چھونگ منگ کو پڑوسی صوبے جیانگسو کے شہر تائی کانگ سے جوڑتی ہے۔ اسے چین کے دریا عبور کرنے والے تیز رفتار ریل منصوبوں کے اعلیٰ ترین تعمیراتی معیار کے مطابق بنایا گیا ہے جبکہ یہ تکنیکی لحاظ سے اپنی نوعیت کے مشکل ترین بنیادی ڈھانچے کے بڑے منصوبوں میں شمار ہوتی ہے۔

چائنہ ریلوے ٹنل گروپ کمپنی لمیٹڈ کے چیف انجینئر لی بن نے بتایا کہ 148 میٹر لمبی اس شیلڈ مشین کا وزن تقریباً 4 ہزار ٹن اور اس میں 15.4 میٹر کا انتہائی بڑا کٹر ہیڈ لگا ہوا ہے جو اسے تیز رفتار ریلوے کی تعمیر کے لئے دنیا کی سب سے بڑے قطر کی سرنگ کھودنے والی مشین بناتا ہے۔

اس خودکار ٹنلنگ مشین نے دریاۓ یانگسی کے نیچے مسلسل 11.325 کلومیٹر زیر آب کھدائی کی جس نے 15 میٹر سطح کی شیلڈ ٹنلنگ کے شعبے میں ملک کا نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔

سرنگ کی مکمل تعمیر 2026 کے آخر تک طے ہے۔ یہ منصوبہ فعال ہونے سے چھونگ منگ کے جزیرہ ضلع میں تیز رفتار ریل کی محرومی ختم ہو گی اور چھونگ منگ سے تائی کانگ کے راستے شنگھائی کے باؤشان ریلوے سٹیشن تک سفر کم ہو کر صرف 17 منٹ کا رہ جائے گا جس سے علاقائی نقل و حمل اور رابطہ کاری میں نمایاں بہتری آئے گی۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں