راولپنڈی (لارڈ میڈیا): ہری پور میں خطرناک اشتہاری ملزم ضرگام کی ہلاکت کے بعد اس کی تفتیش میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
سی سی ڈی نے ضرگام کے سٹی اٹک میں موجود دوسرے گھر پر کارروائی کرتے ہوئے 28 سالہ اغوا شدہ خاتون کو بحفاظت بازیاب کرا لیا۔
سی سی ڈی کے مطابق مثال ضمیر نامی خاتون کو 14 جولائی کو اغوا کیا گیا تھا اور اغوا کاروں نے رہائی کے بدلے 5 کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ خاتون کے اغوا سے متعلق معلومات ہلاک ملزم ضرگام کے اہل خانہ نے دورانِ تفتیش فراہم کیں۔
یاد رہے کہ ملزم ضرگام بدھ کی شام ہری پور میں پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہوگیا تھا۔ سی سی ڈی کے مطابق ملزم نے تقریباً اڑھائی گھنٹے تک پولیس ٹیم پر شدید فائرنگ کی، جس کے جواب میں وہ ہلاک ہوگیا۔
اس واقعے کے دوران ملزم کا والد انعام اللہ بھی ہلاک ہوا۔ حکام کے مطابق واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔


