مظفرآباد (لارڈ میڈیا): چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے آزاد کشمیر میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن پر سخت تنقید کی اور الزام لگایا کہ ن لیگ نسل در نسل دھاندلی کے ذریعے اقتدار میں آتی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کشمیر میں دھاندلی نہیں کرنے دیں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج کا جلسہ دیکھ کر لگتا ہے کہ 2 اگست کو پیپلز پارٹی کی جیت یقینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کشمیر کی جدوجہد کو عالمی سطح پر تین نسلوں سے اٹھا رہی ہے۔
انہوں نے ن لیگ پر الزام لگایا کہ ان کے پہلے وزیر اعلیٰ پنجاب بھی دھاندلی کی وجہ سے بنے اور ان کے وزیراعظم بھی آر او الیکشن کی وجہ سے آئے۔ بلاول نے کہا کہ چوہدری یاسین کی آبائی سیٹ پر 30 پولنگ اسٹیشنز میں دھاندلی ہوئی اور ہم ان کی شکست کو قبول نہیں کرتے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ اگر الیکشن کمیشن دھاندلی میں ملوث نہیں تو جہاں دھاندلی ہوئی وہاں فوری ری پولنگ کروائی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر کے عوام سے وعدہ ہے کہ ان کی چوری شدہ سیٹیں واپس دلواؤں گا۔


