نیو جرسی (لارڈ میڈیا): مشہور کمپنی جانسن اینڈ جانسن نے امریکہ میں اپنے بے بی پاؤڈر اور دیگر ٹیلکم پاؤڈر مصنوعات کے خلاف دائر ہزاروں مقدمات کے تصفیے کے لیے 5 ارب 50 کروڑ ڈالر کی پیشکش کی ہے۔ ان مقدمات میں کمپنی پر الزام تھا کہ اس کی مصنوعات کی وجہ سے خواتین میں اووری کا کینسر پیدا ہوا ہے۔
کمپنی نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کی ٹیلکم مصنوعات کینسر کا سبب نہیں بنتیں، اور اس نے بے بی پاؤڈر کی تیاری کا فارمولا بھی تبدیل کر دیا ہے۔
کمپنی کے نائب صدر برائے قانونی امور ایرک ہاس نے کہا ہے کہ ان کے خلاف الزامات بے بنیاد ہیں، تاہم تصفیے کے ذریعے اس تنازع کو حل کرنا چاہتے ہیں۔
یہ معاہدہ تقریباً 69 ہزار مقدمات پر لاگو ہوگا، اور کمپنی آئندہ سال 3 ارب ڈالر تک ادا کرے گی۔
جانسن اینڈ جانسن نے 2022 میں اعلان کیا تھا کہ وہ دنیا بھر میں ٹیلکم پر مبنی بے بی پاؤڈر کی تیاری اور فروخت بند کر دے گی، اور کارن اسٹارچ پر مبنی پاؤڈر پر منتقل ہو رہی ہے۔


